پتّور،25؍مارچ (ایس او نیوز) بدھ کی رات میں چوروں نے اپنی دیدہ دلیری کی حد کردی اور تین پولیس اسٹیشنوں سے قریب واقع ایک دکان سمیت زیورات کی چار دکانوں میں گھس کر چوری کی وارداتیں انجام دیں۔ اور زیورات کے علاوہ دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہوگئے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق چوروں نے 'سریدھر بھٹ جیویلرس' نامی اس دکان کو بھی نشانہ بنایا جو مین روڈ پر واقع ہے۔ رات کے وقت دکان کا شٹر توڑ کر دکان میں داخل ہونے کے بعد اندر کی سلائڈنگ گیٹ کا قفل توڑا اور سونے اور چاندی کے زیورات اڑا لے گئے۔ جمعرات کے دن صبح کے وقت اس واردات کا پتہ چلا۔
تعجب خیز بات یہ ہے کہ سریدھر جیویلرس سے پچاس میٹر کی دوری پر پتور ٹاون پولیس اسٹیشن موجود ہے ، جبکہ سامنے کی طرف پچیس میٹر کی دوری پر ویمنس پولیس اسٹیشن ہے اور پچھلی طرف پچیس میٹر کی دوری پر ٹریفک پولیس اسٹیشن واقع ہے۔
چوروں نے سریدھر جیویلرس کے علاوہ سداری جیویلرس، نوامی جیویلرس ار ہیرانیا مشین کٹنگ اینڈ جیویلرس کو نشانہ بنایا۔ ان چاروں دکانوں سے لوٹے گئے جملہ زیورات کی مالیت کا اندازہ 20 لا کھ روپے لگایا گیا ہے۔ پتور پولیس کے افسران نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہے۔